پاکستانی مقبوضہ کشمیرمیں کم سن بچی کے اغوا، ریپ و قتل کیخلاف احتجاجی مظاہرہ

0
58

پاکستانی مقبوضہ کشمیر کے علاقے نکیال میں ڈڈیال کی رہائشی کم سن بچی کنول مطلوب کے اغوا، ریپ اور بہیمانہ قتل کے خلاف جموں کشمیر عوامی ورکرز پارٹی، جموں کشمیر لبریشن فرنٹ اور سماج بدلو تحریک نکیال کے زیر اہتمام پڑاوہ چوک پر ایک احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔

مظاہرین نے مقتول بچی اور متاثرہ خاندان سے اظہار یکجہتی کی اور اظہار تعزیت کے لئے مقتولہ کی تصاویر پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کرنے کے ساتھ موم بتیاں روشن کرکے انہیں خراج عقیدت پیش کیا۔ اوران قتل کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے ملزمان کو قانونی قرار واقعی سزا دینے کا مطالبہ کیا۔

احتجاجی مظاہرے سے جموں کشمیر عوامی ورکرز پارٹی کے مرکزی چیف آرگنائزر رہنما سماج بدلو تحریک نکیال کامریڈ شاہ نواز علی شیر ایڈووکیٹ،ہائی کورٹ، سماج بدلو تحریک نکیال کے راہنما کامریڈ نوید انجم عاصی ایڈووکیٹ، صدر تحصیل پریس کلب نکیال قیوم طاہر، سنئیر قانون دان،ممبر بار ایسوسی ایشن نکیال راجا رزاق خان ایڈووکیٹ، سابق امیدوار قانون ساز اسمبلی حلقہ ایل اے 9 کوٹلی 2 نکیال ملک شبیر تبسم، راہنما سماج بدلو تحریک و مسلم کانفرنس سردار علی افضل ایڈووکیٹ، محمود چوہدری، سماج بدلو تحریک راہنما کامریڈ جواد انور، جموں کشمیر لبریشن فرنٹ کے راہنما حیدر علی مون،شفیق چاچا، عنایت علی شاہ، سماج بدلو تحریک کے راہنما نعمان نذیر، ممبر بار ایسوسی ایشن سردار ظہر خان ایڈووکیٹ و دیگر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کنول مطلوب کا قتل پوری انسانیت کا قتل ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں زینب اور بھارتی مقبوضہ جموں کشمیر میں آصفہ بانو کے ریپ و قتل کے بعد تیسرا انسانیت سوز سانحہ ہے۔ آزاد جموں کشمیر پرامن اور جرائم سے پاک خطہ ہے۔ اس خطہ میں بچوں پر جنسی تشدد کا بڑھنا تشویشناک امر ہے۔ متعلقہ ادارہ جات قانون کی حکمرانی پر عملدرآمد کو یقینی بنائیں، غیر ریاستی باشندوں کی غیر قانونی، غیر آئینی بدوں قانون ریاست باشندہ مختلف ادرہ جات میں تعیناتی قانون ریاست باشندہ کی سنگین خلاف ورزی ہے۔ تقرری منسوخ کی جائیں۔ کنول مطلوب کیس پر عدالت اعظمی و عدالت العالیہ سوموٹو ایکشن لیں۔ غیر ریاستی باشندوں کو تابع قانون و ضابطہ لیا جائے اور چیک اینڈ بیلنس کے نظام کو صاف و شفاف بنایا جائے۔

مقررین نے مطالبہ کیا ہے کہ کنول مطلوب کے کیس پر انسانی حقوق کی بین الاقوامی تنظیمیں نوٹس لیں۔ پاکستانی الیکٹرانک میڈیا کی کنول مطلوب کے کیس پر عدم توجہی و عدم دلچسپی تشویشناک امر ہے۔

اس موقع پر متاثرہ خاندان سے اظہار تعزیت بھی کی گئی۔

مظاہرہ میں انجمن تاجراں، تحصیل پریس کلب، کشمیر پریس کلب کے سنئیر ممبران، صحافیوں، سول سوسائٹی، وکلاء و مختلف مکتبہ فکر سمیت جموں کشمیر لبریشن فرنٹ کے صدر مجیب عالم چوہدری، فرنٹ راہنماؤں اعجاز چب، واحید انجم عاصی، عوامی ورکرز کے شاہد علی، شان، صفدر و دیگر نے بھی شرکت کی۔

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں