قندوز سے کوئٹہ آنیوالے 300افغانیوں کو ڈی پورٹ کر دیا گیا

0
232

بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں افغانستان کے علاقے قندوز سے پہنچنے والے اندازاً تین سو افغان شہریوں کو واپس افغانستان ڈی پورٹ کر دیا گیا ہے۔

یہ لوگ افغانستان سے بلوچستان کے سرحدی شہر چمن آئے تھے، وہاں سے وہ دوروز قبل کوئٹہ آئے اور بلیلی کے علاقے میں پڑاؤڈالا تھا۔

یہ لوگ مجموعی طور پر 50 خاندانوں پر مشتمل تھے۔

یہ لوگ کسمپرسی کی حالت میں تھے اور ان کے ساتھ جو بچے تھے ان میں سے بعض بیمار بھی تھے۔

ان لوگوں کے پاس کھانے پینے کی اشیا بھی نہیں تھیں۔

ان لوگوں نے صحافیوں کو بتایا کہ افغانستان میں خراب صورتحال کی وجہ سے وہ پناہ کی تلاش میں یہاں پہنچے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ وہ چاہتے ہیں کہ اُنھیں یہاں پناہ لینے کی اجازت دی جائے اور مردوں کو محنت مزدوری کی اجازت دی جائے تاکہ وہ ان کے لیے کھانے پینے کا انتظام کریں۔

منگل کے روز جب میڈیا کے نمائندے اس علاقے میں گئے تو وہاں ان میں سے کوئی نہیں تھا۔

جب ان کی عدم موجودگی کے بارے میں کمشنر کوئٹہ ڈویژن سہیل الرحمان بلوچ سے رابطہ کیا گیا تو ان کا کہنا تھا کہ یہ لوگ غیر قانونی طور پر پاکستان آئے تھے اس لیے ان کو واپس افغانستان ڈی پورٹ کردیا گیا۔

اُنھوں نے بتایا کہ جب تک حکومت کی جانب سے اجازت نہیں ہوگی اس وقت تک جو بھی افغان شہری غیر قانونی طور پر پاکستان آئیں گے ان کو واپس افغانستان بھیجا جائے گا۔

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں